اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پی ایس ایل کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا، سندھ کے متعدد سیاستدانوں نے پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹ خرید لئے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی فائنل میچ دیکھنے جائیں گے، بلاول بھٹو، بختاور اور آصفہ نے بھی 12ہزار والا ٹکٹ خرید لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ تھری کا فائنل کراچی میں 25مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا اور اب پی ایس ایل کے اختتام کے قریب پی ایس ایل کا جادو پاکستان بھر میں سر چڑھ کر بولنے لگ گیا ہے اور سندھ کے متعدد سیاستدان بھی پی ایس ایل
کے سحر میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کیلئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت سندھ کابینہ کے کئی وزرا اور سیاستدان بھی 25مارچ کو کراچی سٹیڈیم میں موجود ہوں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی پی ایس ایل کا ٹکٹ خرید رکھا ہے جبکہ جام خان شورو اور ناصر شاہ بھی پی ایس ایل فائنل میچ دیکھنے کیلئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل فائنل میچ دیکھنے کیلئے بلاول , بختاور اور آصفہ بھی کراچی سٹیڈیم آئیں گے اور تینوں بہن بھائیوں نے 12ہزار روپے کے ٹکٹ خریدے ہیں۔