دبئی (این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر اور پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی نمائدگی کرنے والے حسن علی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔ایک انٹرویومیں کے دور ان انجری سے چھٹکارہ پاکر پی ایس ایل میں شامل ہونے والے حسن علی نے لیگ میں شامل نوجوان کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ وہ خود پر یقین رکھیں، محنت کریں اور پاکستان کا نام روشن کریں۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کی بدولت ہی وہ آج اس مقام پر ہیں، انجری کے بعد لیگ کے ہلے ہی میچ میں اچھا پرفارم کرکے مزہ آیا۔حسن علی نے کہا کہ پشاور زلمی میں ایک اور نوجوان ٹیلنٹ سامنے آیا ہے جس کا نام ابتسام شیخ ہے ٗوہ مستقبل میں قومی ٹیم میں شامل ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی خود پر بھروسہ رکھیں، پی ایس ایل کا بھرپور فائدہ اٹھائیں، یہاں موجود سینئر ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں سے سیکھیں۔خیال رہے کہ حسن علی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں انجری کا شکار ہوگئے تھے اور وہ پاکستان سپر لیگ تھری کے ابتدائی میچز میں پشاور زلمی کی نمائندگی نہیں کرسکے تھے۔