دوحا(آئی این پی) قطر نے2022کے فٹبال ورلڈ کپ ملک سے باہر ہونے کا امکان مسترد کردیا۔میزبان قطری حکام نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے تمام میچز کی میزبانی ہم خود کریں گے، کوئی مقابلہ ہمارے ملک سے باہر منعقد نہیں ہوگا، اس سے قبل یہ افواہیں بھی زیرگردش رہیں کہ خلیجی ملک میں جاری سیاسی بحران کے پیش نظر میگایونٹ کے کچھ میچز کا پروگرام تبدیل کردیا جائے۔
قطر کی ورلڈ کپ آرگنائزنگ کمیٹی کے سیکریٹری جنرل حسن التواحدی نے کہا ہے کہ ایونٹ کے انعقاد کیلیے تیاریاں شیڈول کے مطابق جاری ہیں، حالانکہ آٹھ ماہ سے جاری بحران کے سبب ہمیں مشکلات کا سامنا ہے۔التواحدی نے کہا کہ قطر فٹبال ورلڈ کپ 2022 کا تنہا ہی میزبان ہوگا اور ایونٹ کے تمام 64 میچز ہمارے ہی ملک میں 8 مختلف وینیوز پر منعقد ہوں گے، انھوں نے یہ بات میڈیا کے ان دعووں پرکی، جس میں کہاگیاتھا کہ 2022 فٹبال ورلڈ کپ کے میچز ریجن میں تقسیم کیے جاسکتے ہیں ۔
اس سلسلے میں خصوصی طور پر ایران کا نام لیاگیا، کیونکہ قطر میں سیاسی اور معاشی غیریقینی کی فضا پائی جاتی ہے۔التواحدی نے کہا کہ میگا ایونٹ کیلیے ہمارے تمام اسٹیڈیمز 2020 تک مکمل کرلیے جائیں گے، ہمارے پاس ایونٹ کیلیے آنیو الے شائقین کیلیے رہائش کا بھی معقول انتظام ہے، ہم نے دنیا کو ایک لاکھ رہائشی کمرے تیار کرنے کا کہا ہے اور کوئی بھی مزدوروں کے لیے قائم کیمپ میں نہیں رہے گا، ہمارے منصوبے شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہے اور فیفا ہمارے کام کی رفتار سے مطمئن ہے۔