راولپنڈی (آئی این پی) شاداب خان کی ابتدائی دور میں کوچنگ کرنے والے نصیر احمد نے ٹی ٹوئنٹی میں ان سے اوپننگ کرانے کا مشورہ دے دیا۔سابق فرسٹ کلاس کرکٹر کے مطابق نوجوان لیگ اسپنر میں آل رانڈر بننے کی مکمل صلاحیت موجود ہے، اگر ان پر اعتماد کیا جائے تو ٹیم کے مزید کام آ سکتے ہیں۔ایک انٹرویو میں نصیر احمد نے کہا کہ میں نے ابتدائی دور میں شاداب خان کی کوچنگ کے فرائض نبھائے۔
مجھے خوشی ہے کہ اب وہ اسٹار کرکٹر کا روپ دھار چکے ہیں،آسٹریلوی بگ بیش لیگ تک بھی انھیں موقع مل گیا، وہ بطور لیگ اسپنر تو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے اب بیٹنگ میں بھی کپتان سرفراز احمد کو ان پر مزید اعتماد کرنا چاہیے، نیوزی لینڈ سے ون ڈے سیریز میں شاداب نے بعض اچھی اننگز کھیلیں، ان کے کھیل سے واضح تھا کہ وہ مستقبل میں آل رائونڈر بننے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔نصیر احمد نے مزید کہا کہ میرا مشورہ ہے کہ شاداب خان سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اننگز کا آغاز کرایا جائے، وہ جارحانہ بیٹنگ سے کھیل کا نقشہ تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ان میں چھکے لگانے کی بھی بڑی صلاحیت موجود ہے۔ایک سوال پر نصیر احمد نے کہا کہ قومی کرکٹ میں اہم مقام حاصل کرنے کے باوجود شاداب خان کے رویے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، وہ سب سے اسی انداز سے ملتے ہیں جیسے پہلے ملا کرتے ہیں۔ان دنوں انگلینڈ میں کوچنگ کرنے والے نصیر احمد نے مزید کہا کہ قومی ٹیم میں نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کی صلاحیت موجود ہے، اس کیلیے کھلاڑیوں کو ون ڈے کی شکست ذہن سے نکال کر میدان میں اترنا ہوگا، شاداب خان کی بولنگ پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ یاد رہے کہ پہلا ٹی ٹوئنٹی پیر کو کھیلا جائے گا۔