لاہور(ؤئی این پی) انجری کا شکار آل رانڈر شعیب ملک کو نیوزی لینڈ سے وطن واپس بھیجنے کا امکان بڑھ گیا ہے۔ڈاکٹر نے شعیب ملک کے معائنے کے بعد انھیں مزید ایک ہفتے آرام کا مشورہ دے دیا ہے جس کی وجہ سے انہیں وطن بھیجا جاسکتا ہے۔ آل رانڈر شعیب ملک کیویز سے چوتھے ون ڈے کے دوران انجری کا شکار ہو گئے تھے۔ دوران بیٹنگ حریف فیلڈر کے تھرو پر گیند ان کے سر پر لگ گئی تھی۔
ابتدا میں شعیب ملک نے بیٹنگ جاری رکھی مگر پھر جلد آٹ ہوگئے، ڈریسنگ روم میں چکر آنے پر ان کا طبی معائنہ کرایا گیا، ابتدائی طور پر انھیں پانچ روز آرام کا کہا گیا مگر اب اس میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ شعیب کو اب بھی ذہن پر زور دینے پر چکر آنے لگتے ہیں، انھیں زیادہ سوچنے اور بات کرنے سے منع کیا گیا
ہے، اس سے پہلے انھیں ایک آنکھ سے دھندلا دکھائی دینے لگا تھا۔پاکستان کا نیوزی لینڈ سے پہلا ٹی ٹوئنٹی پیر جبکہ دیگر دو میچ 25 اور 28 جنوری کو کھیلے جائیں گے جن میں شعیب ملک کی شرکت کا امکان کم ہے۔ اسی لیے ٹیم مینجمنٹ انھیں وطن واپس بھیجنے کا سوچ رہی ہے،اس حوالے سے فیصلہ جلد متوقع ہے۔