لندن(آئی این پی) برطانیہ میں حال ہی میں کیے گئے ایک سروے میں گالف کو ملک کا سب سے ‘بور’ اور دلچسپی سے عاری کھیل قرار دیا گیا ہے۔یوگوو پول کے مطابق 70 فیصد لوگوں کے مطابق گالف دنیا کا سب سے بور کھیل ہے اور صرف 11 فیصد لوگوں نے اسے دلچسپ قرار دیا۔این ایف ایل میں ویمبلے اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی ریکارڈ تعداد میں آمد کے باوجود امریکی فٹبال کو دوسرا سب سے بور کھیل قرار دیا گیا
جہاں 59 فیصد لوگوں نے اسے دلچسپی سے عاری قرار تھا۔ایشز میں انگلش ٹیم کی شکست کے اثرات سامنے آ گئے ہیں اور انگلینڈ کی سیریز میں 4-0 سے شکست کے بعد انگلینڈ میں کرکٹ تیسرا سب سے غیرمقبول کھیل بن گیا ہے۔اس سروے میں ایتھلیٹس سب سے مقبول کھیل قرار پایا جہاں 28فیصد افراد نے اسے غیرمقبول جبکہ 47 فیصد نے دلچسپی سے بھرپور قرار دیا۔مشہور برطانوی گالفر میتھیو ساتھ گیٹ نے اس سروے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ گالف کی نشریات کو بہتر کرتے ہوئے اسے ترجیح دیے جانے کی ضرورت ہے، میں سمجھ سکتا ہوں کہ جو لوگ گالف کے قوانین نہیں جانتے ان کیلئے اسے دیکھنا بہت مشکل کام ہے۔