عجمان (این این آئی) عجمان (این این آئی)پانچویں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان میچ(کل) جمعہ کوعجمان اوول کرکٹ گرائونڈ پر کھیلا جائیگا اس سلسلے میں پاکستانی ٹیم متحدہ عرب امارات پہنچ گئی ہے جبکہ بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ایم سی سی گرائونڈ عجمان میں مد مقابل ہونگی۔ شیڈول کے مطابق 13 جنور ی کو نیپال اور سری لنکا کی ٹیمیں عجمان اوول کرکٹ گرائونڈ میں
نبرد آزما ہونگی ٗاسی روز بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ ایم سی سی گرائونڈ عجمان میں کھیلا جائیگا۔ 14 جنور ی کو بھارت اور نیپال کی ٹیمیں ایڈن گارڈن کرکٹ گرائونڈ عجمان میں آمنے سامنے ہونگی، اسی روز سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ عجمان اوول کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا جائیگا۔ نیپال اور آسٹریلیا کے درمیان میچ ایم سی سی کرکٹ گرائونڈ عجمان میں 15 جنوری کو کھیلا جائیگا جبکہ اسی روز پاکستان اور
سری لنکا کی ٹیمیں ایڈین گارڈن کرکٹ گرائونڈ عجمان میں مد مقابل ہونگی۔ 16 جنوری کو ورلڈ کپ میں آرام کا دن ہوگا جبکہ میگا ایونٹ کے سیمی فائنل مرحلے کا آغاز 17 جنوری سے ہوگا۔ پہلا سیمی فائنل 17 جنوری کو ورلڈ کی پہلی اور چوتھی نمبر پر آنے والی ٹیموں کا میچ عجمان اوول کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا جائیگا۔ دوسرے سیمی فائنل
میں دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں 18 جنوری کو ایم سی سی گرائونڈ عجمان میں آمنے سامنے ہونگی۔ واضح رہے کہ بھارتی ٹیم کے فائنل میں پہنچنے اور اسے فائنل کھیلنے کیلئے پاکستان آنے کی این او سی جاری نہ ہونے پر بلائنڈ ورلڈ کپ کا فائنل 19 جنوری کو شارجہ میں کھیلا جائیگا۔ دوسری صورت میں ایونٹ کا فائنل 21 جنوری کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔