اسلام آباد(سی پی پی)راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے شہرت پانے والے قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کی ٹوئٹ پر بھارتی کرکٹر یووراج سنگھ نے ان کے حلیہ پر دلچسپ تبصرہ کیا۔پاکستان اور بھارت کرکٹ سمیت ہر میدان میں ایک دوسرے کے حریف سمجھے جاتے ہیں اور دوران کھیل دونوں اطراف کے کھلاڑی قومی جذبے کے ساتھ کھیلنے میں اس قدر مگن ہوتے ہیں کہ اکثر ان کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی بھی ہوئی
لیکن ان ہی کھلاڑیوں میں گرانڈ کے باہر بہت اچھی دوستی بھی پائی جاتی ہے جس کی کئی مثالیں ہم دیکھ چکے ہیں۔حال ہی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے چیمپئنز ٹرافی کے پاک بھارت فائنل کے دوران ایک لمحے کو کرکٹ کا بہترین لمحہ قرار دیا، اس لمحے میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور یووراج سنگھ کے ہمراہ پاکستانی کھلاڑی شعیب ملک اور کوچ اظہر محمود کو خوشگوار موڈ میں دیکھا گیا۔گزشتہ ماہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے نہ صرف شعیب اختر کو دنیا کا خطرناک ترین بولر قرار دیا بلکہ پاکستانی بولنگ اٹیک کی تعریف کرتے ہوئے محمد عامر کو رواں صدی کا بہترین بولر قرار دیا۔ اس کے علاوہ ہربھجن سنگھ اور یووراج سنگھ سمیت متعدد بھارتی کرکٹر خود کو شاہد آفریدی کا مداح کہتے ہیں بلکہ ان کو اچھے الفاظوں میں یاد بھی کرتے رہتے ہیں۔راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے ایک ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے کہا کہ صرف سخت محنت سے ہی خوابوں کا حصول ممکن ہوسکتا ہے۔ جب کہ پوسٹ میں انہوں نے اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں وہ ہاتھوں میں دستانے پہنے ہوئے اور ہاتھ میں ہیلمٹ پکڑے کھڑے ہیں۔شعیب اختر کی اس ٹوئٹ پر بھارتی کرکٹر یووراج سنگھ نے پنجابی زبان میں زبردست جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ تو ٹھیک ہے بھائی جان آپ ویلڈنگ کرنے کہاں جارہے ہیں۔ مداحوں کی جانب سے یووراج سنگھ کے اس جواب کو خوب سراہا گیا اور اسے متعدد بار ری ٹوئٹ بھی کیا گیا۔