کراچی (آئی این پی)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اعتراف کیا ہے کہ رواں سال جون میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ جیتنے کا کسی کو یقین نہیں تھا، اللہ تعالی نے پاکستانی ٹیم کی غیب سے مدد کی۔بھارت جیسی بڑی ٹیم کو ہرانا ایک خواب تھا جسے پاکستانی ٹیم نے حقیقت کی شکل دے دی، ابتدا میں پاکستانی ٹیم جس طرح کھیل رہی تھی کوئی سوچ نہیں سکتا تھا کہ پاکستان دنیا کی صف اول کی ٹیموں کی موجودگی میں چیمپئن بن جائے گا۔
کراچی میںمیں منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہو ئے سرفراز احمد نے نوجوانوں سے کہا کہ جب وہ اپنے شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کرلیں تو وہ اپنے اس ادارے کو نہ بھولیں جس کی وجہ سے انہیں یہ مقام ملا ہے۔سرفراز احمد نے کہا وقت نکال کر فلاحی تنظیموں میں بھی کام کریں کیوں کہ دکھی انسانیت کی خدمت کا اصل مزہ ہی کچھ اور ہے، دکھی انسانیت کو اپنا شعار بنالیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے حاضرین کی فرمائش پر نعت رسول مقبول بھی سنائی۔