لاہور(آئی این پی) گھٹنے کی انجری کا شکار آل رانڈر عماد وسیم نے فٹنس کی بحالی کیلئے ہلکی پھلکی پریکٹس شروع کردی۔عماد وسیم کو ڈاکٹرز نے ایک ماہ تک آرام کا مشورہ دیتے ہوئے کسی بھی قسم کی لاپرواہی برتنے سے منع کیا تھا جب کہ فٹنس مسائل کی وجہ سے عماد وسیم ٹی ٹوئنٹی کپ میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔یاد رہے کہ پیسر عثمان شنواری بھی انجری کا شکار ہیں اور انھیں مکمل طور پر فٹ ہونے میں 4 سے 6 ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے جب کہ اظہر علی انگلینڈ میں علاج کروانے کے بعد
بحالی کیلیے مختلف پروگرام جاری رکھے ہوئے ہیں۔اس سے قبل محمد عامر سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں ان فٹ ہونے کے بعد محدود اوورز کی کرکٹ کا لاہور میں شیڈول کیا جانے والا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ ہی کھیل پائے تھے۔واضح رہے کہ عماد وسیم پاکستان کیلیے 30 ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی انڑنیشنل میچز کھیل چکے ہیں،آل رانڈر 2007 میں انگلینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان بھی تھے، حال ہی میں پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کیلیے انھیں کراچی کنگز کا قائد بھی مقرر کیا گیا ہے۔