لاہور(یوا ین پی)سابق قومی کپتان اور ماضی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس ملک میں کھیل کی بہتری کیلئے سابق کھلاڑیوں پر مشتمل کرکٹ کمیٹی کی تشکیل کے حامی ہیں جن کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں دستیاب صلاحیت جلد قومی ٹیم کے دروازے پر دستک دے گی۔ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ
اور سابق قومی فاسٹ بالر وقار یونس کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ سے باصلاحیت نوجوان کھلاڑی سامنے آرہے ہیں اور وقت کا تقاضا ہے کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے ٹاپ کرکٹرز پر مشتمل کرکٹ کمیٹی تشکیل دی جائے جو ملکی کرکٹ کی بہتری کیلئے اپنی تجاویز اور سفارشات پیش کرے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا اسکواڈ متوازن اور اس کی نگاہیں ٹائٹل پر ہیں اور پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں ہونے سے کئی اعتبار سے فائدہ ہوگا خواہ کرکٹ کی مکمل بحالی میں کچھ وقت لگ جائے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سے بہترین صلاحیت سامنے آرہی ہے اور ان میں سے بیشتر کھلاڑی جلد قومی کرکٹ ٹیم کے دروازے پر دستک دیں گے لیکن معاملات کی دیکھ بھال کیلئے ملکی سابق کرکٹرز پر مشتمل کرکٹ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے۔