اسلام آباد ( سی پی پی ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز اسپنرسعید اجمل نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور محمد حفیظ نے ان سے رابطہ کیا تو وہ ایک مہینے کے اندر محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کو درست کردیں گے۔ ایک انٹرویو میں سعید اجمل کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی جانب سے 2014 میں معطل کیے جانے کے بعد ثقلین مشتاق اور مشتاق احمد نے باؤلنگ ایکشن کی درستی کے لیے ان کی مدد کی تھی۔ سعید اجمل نے پی سی بی
کو نوٹس لینے پر زور دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا کہ آئی سی سی صرف پاکستانی باؤلرز کو نشانہ بنا رہی ہے۔ اگر پی سی بی چند مثبت اقدامات اٹھائے تو مجھے امید ہے کہ دوبارہ پاکستانی باؤلرز کو ان کے باؤلنگ ایکشن پر نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ رواں ماہ کے آغاز میں بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی کرنے والے سعید اجمل نے فیئرویل کے طور بین الاقوامی میچ کے موقع کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کو اس حوالے سے پہلے سوچنا چاہیے تھا۔