لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سپرلیگ کی سابق چمپئن ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے بعد موجودہ چمپئن پشاور زلمی کے بھی تمام کھلاڑی پاکستان آنے کو تیار ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے لیے ڈرافٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے چند روز بعد ہی پاکستان میں میچز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کرنے والے 15بین لاقوامی کرکٹرز کی فہرست بھی فراہم کردی۔پی سی بی سے موصول ہونے والی فہرست کے مطابق جنوبی افریقہ کے مایہ ناز بلے باز جے پی ڈومینی،
پاکستانی نڑاد جنوبی افریقی اسپنر عمران طاہر، کولن انگرام، ڈیوڈ ویز، ویسٹ کے چمپیئن سابق کپتان ڈیرن سیمی، ڈوون برا، کارلوس بریتھ ویٹ، ڈیرن برا، آندرے فلیچر، آسٹریلیا کے آل راؤنڈر شین واٹسن ، نیوزی لینڈ کے لیوک رانکی، جارح مزاج بلے باز کولن منرو، انگلینڈ کے لیوک رائٹ، سیم بلنگز، بنگلہ دیش کے اوپنرتمیم اقبال شامل ہیں۔قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فائنل تک رسائی کی صورت میں پورا اسکواڈ پاکستان لانے کا اعلان کیا گیا تھا اور اب دفاعی چمپئن پشاور زلمی کی ٹیم بھی پاکستان آنے کو تیارہے۔پی ایس ایل کے تیسرے سیزن میں شامل دیگر کھلاڑی کرس لین، ایون لوئس، مستفیض الرحمن، جیسن روئے اور ڈیوڈ ولی نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا تاہم ٹورنامنٹ کے دوران یا اس سے قبل سیکورٹی کے حوالے سے آگاہی کے بعد پاکستان آنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے۔خیال رہے کہ آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بالر مچل جانسن اور انگلینڈ کے مختصر طرز کرکٹ کے کپتان آئین مورگن پاکستان آنے کو تیار نہیں جبکہ لیگ میں کسی بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکامی کا سامنا کرنے والے ویسٹ انڈیز کے اسٹار بلے باز کرس گیل نے بھی پاکستان آنے سے انکار کیا تھا۔دوسری جانب پی سی بی نے پی ایس ایل میں مختلف کیٹگریوں میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کے معاوضوں کا بھی اعلان کردیا ہے، جس کے مطابق پلاٹینم کٹیگری: ایک لاکھ 40 ہزار ڈالر سے 2 لاکھ 30 ہزار ڈالر، ڈائمنڈ کیٹگری: 75 ہزار ڈالر سے 80 ہزار ڈالر،گولڈ کیٹگری: 50 ہزار ڈالر سے 60 ہزار ڈالر،سلور کیٹگری: 22 ہزار ڈالر سے 33 ہزار ڈالر،ایمرجنگ کیٹگری: 10 ہزار ڈالر سے 12 ہزار ڈالر ہے ،پاکستان آنے والے غیرملکی کھلاڑیوں کو کو فی میچ 10 ہزار ڈالر اضافی ادا کیے جائیں گے۔