لاہور (آئی این پی ) قومی کرکٹ ٹیم کے آل رانڈر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن غیرقانونی قرار دے دیا گیا ، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )نے انہیں بولنگ سے روک دیا۔ تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن گزشتہ ماہ سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز میں مشکوک قرار دیا گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے یکم نومبر کو انگلینڈ میں بائیو مکینک ٹیسٹ دیا۔ ٹیسٹ کی رپورٹ کے مطابق محمد حفیظ بولنگ ٹیسٹ کلیئر کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں،
جس کے بعد انہیں مزید بولنگ سے روک دیا گیا ہے۔ آئی سی سی قوانین کے مطابق بولنگ کے دوران اگر بولر کے بازو کا خم 15 ڈگری کی حد میں ہو تو بولنگ کی اجازت مل جاتی ہے لیکن اگلے 24 ماہ میں کسی وقت بھی دوبارہ ایکشن غیر قانونی ثابت ہوجائے تو ایک سال کیلیے پابندی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 18 اکتوبر کو ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ میچ کے دوران محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن رپورٹ ہوا تھا۔ اس سے قبل محمد حفیظ کا دو مرتبہ بولنگ ایکشن رپورٹ ہو چکا ہے جب کہ 2015 میں انہیں مشکوک بولنگ ایکشن کی وجہ سے ایک سال کی پابندی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ آئی سی سی کے مطابق محمد حفیظ کے بائیو مکینک ٹیسٹ کی رپورٹ میں ان کی بیشتر گیندوں میں بازو کا خم 15 ڈگری سے زائد رپورٹ ہوا جو آئی سی سی کے آرٹیکل 11.1 کے خلاف ہے۔ آئی سی سی کے مطابق آرٹیکل 4.5 کے تحت محمد حفیظ اپنے بولنگ ایکشن میں تبدیلی لا کر دوبارہ ٹیسٹ دینے کے اہل ہیں تاہم اس دوران وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ کرانے کے اہل نہیں ہوں گے۔ آئی سی سی کی جانب سے پابندی کے بعد محمد حفیظ پی سی بی کی سرپرستی میں ہونے والے ڈومیسٹک ایونٹ میں بولنگ کرانے کے اہل ہوں گے۔