لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے ڈرافٹنگ سے ایک گھنٹے پہلے فرنچائز مالکان کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کا شیڈول دے دیا، جس کے مطابق آئندہ سال ٹورنامنٹ 22 فروری سے شروع ہوگا۔افتتاحی میچ دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان ہوگا۔
قذافی اسٹیڈیم دونوں سیمی فائنلز اور کراچی کانیشنل اسٹیڈیم فائنل کی میزبانی کرے گا۔مصدقہ ذرائع کے مطابق ٹورنامنٹ میں شریک زیادہ تر غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ان میں شین واٹسن ،کرس لین اور جے پی ڈومینی شامل ہیں۔چند غیر ملکی کرکٹرز کا کہنا ہے کہ وہ بعد میں پاکستان جانے کے بارے میں تصدیق کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گروپ اسٹیج متحدہ عرب امارات ہوگا، ناک آئوٹ مرحلے کے میچ بھی پاکستان میں ہوں گے، جبکہ فائنل نیشنل اسٹیڈیم میں 25 مارچ کو ہوگا۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کو ممکن بنانے کے لیے پی ایس ایل کا آغاز دو ہفتے کی تاخیر سے ہورہا ہے۔اس ماہ ملتوی ہونے والی پاکستان اور ویسٹ انڈیز کرکٹ سیریز آئندہ سال مارچ میں ہوگی اور دونوں ٹیمیں 29، 31 مارچ اور یکم اپریل کو لاہور میں 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلیں گی۔