لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں شامل ہونے والی چھٹی ٹیم ملتان سلطانز نے شعیب ملک کو کپتان بنانے کا اعلان کر دیا ۔ وسیم اکرم نے شعیب ملک کو کپتان بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملتان سلطانز ٹیم کے اونراور کرکٹر منیجر سے مشاورت کے بعد شعیب ملک کو کپتان بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شعیب ملک انتہائی تجربہ کار اور میچ ونر کھلاڑی ہیں اور میرے خیال ان سے بہترین امیدوار اور کوئی نہیں ۔ شعیب ملک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی کپتانی حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی لیکن جب یہ ذمہ داری کسی کو بھی ملے تو اسے پوری کرنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ میں ٹیم مینجمنٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے یہ ذمہ داری دی۔ بطور کپتان آپ کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہو جاتا ہے اور میں نے ہمیشہ ہی اچھا کرنے کی کوشش کی ہے اور اب بھی یہی کوشش کروں گا کہ اپنی بہترین کارکردگی دوں اور ٹیم گیم میں سب کو اکٹھا رکھوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کافی نوجوان کھلاڑی ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ پی ایس ایل ان کیلئے بہت اچھا پلیٹ فارم ہے جہاں بہت اچھے غیر ملکی کھلاڑی بھی ہیں ۔ وسیم اکرم نے اس موقع پر دیگر کوچنگ سٹاف کا اعلان بھی کیا اور بتایا کہ ہیڈ کوچ ٹام موڈی ہیں جو بہت تجربہ رکھتے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے موجودہ کھلاڑی یوہان بوتھا کو اسسٹنٹ کوچ مقرر کیا گیا ہے جو بہترین فیلڈرز میں سے ایک ہیں اور ان کی وجہ سے لڑکوں کی فیلڈنگ میں نکھار آئے گا۔