لاہور(آئی این پی) چار ملکی انٹرنیشنل ہاکی فیسٹیول میں میزبان آسٹریلیا نے پاکستان کو 9-1کے بڑے مارجن سے شکست دیدی۔پاکستان کی جانب سے واحد گول ابوبکر محمود نے پنالٹی کارنر پر کیا۔قومی ہاکی ٹیم اپنا دوسرا میچ میں(آج) جمعرات کو نیوزی لینڈ جبکہاپنا تیسرا اور آخری میچ 11نومبر کو جاپان کے خلاف کھیلے گی۔میلبورن کے
سٹیٹ نیٹ بال ہاکی سینٹر میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے شروع سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا ،8ویں منٹ میں جیز ہیوارڈ نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے ٹیم کو برتری دلائی، 12ویں منٹ میں جیک ویٹن نے گول کرتے ہوئے سکور2-0کر دیا، دوسرے کوارٹر فائنل میں کلین شمت نے فیلڈ گول کرتے ہوئے برتری کو مستحکم کیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر آسٹریلیا کو 3-0 سے برتری حاصل کی۔32ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے ابوبکر محمود نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے ٹیم کا کھاتہ کھولا تاہم اس کے ایک منٹ بعد ہی کلین شمت نے گیند کو جال میں پھینکتے ہوئے بدلہ لے لیا، 43ویں منٹ میں بلیک گوورز نے گول کرتے ہوئے سکور5-1کر دیا۔چوتھے کوارٹر میں آسٹریلیا نے مزید چار گول کرتے ہوئے مقابلہ9-1سے اپنے نام کیا،47ویں منٹ میں ارونا سلام،55ویں،56ویں اور 60منٹ میں گووور بلیک نے گول داغتے ہوئے ٹیم کو بڑے مارجن سے فتح دلائی۔ گرین شرٹس دوسرے میچ میں جمعرات کو نیوزی لینڈ کے مدمقابل ہو گی جبکہ پاکستان اپنا تیسرا اور آخری میچ 11نومبر کو جاپان کے خلاف کھیلے گا۔