لاہو(این این آئی)کرکٹر فواد عالم نے فٹنس ٹیسٹ کے دوران اپنے فٹنس لیول سے ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کو متاثر کیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرکٹر فواد عالم کا فٹنس ٹیسٹ ضرور لے لیا اور نیٹ پر ان کی صلاحیتیوں کو بھی جانچ لیاالبتہ انہیں فوری طور پر پاکستان کرکٹ ٹیم میں موقع ملنے کا کوئی امکان نہیں ۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں تسلسل کے ساتھ پرفارم کرنے کے باوجود سینٹرل کنٹریکٹ اور پھر پاکستان ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر پی سی بی اور سلیکشن کمیٹی کو میڈیا میں خوب تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔تنقید کی توپوں کے رخ کو موڑنے کیلئے فواد عالم کو نیشنل اکیڈمی میں طلب کیا گیا جہاں ان کا فٹنس ٹیسٹ لیا گیا اور بیٹنگ میں ان کے جوہر دیکھے گئے۔رومان رئیس اور راحت علی نے فواد عالم کو نیٹ پر بولنگ کی جبکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے انہیں مانیٹر کیا جبکہ اس موقع پر مکی آرتھر نے فواد عالم سے تفصیلی بات چیت بھی کی۔مکی آرتھر فوا د عالم کے فٹنس
لیول اور صلاحیتیوں سے متاثر ہو ئے اور انہیں یقین دلایا کہ جب بھی ٹیم کو ضرورت پڑے گی انہیں موقع دیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سب فواد عالم اور تنقید کرنے والوں کو ایک دلاسہ ہے کیونکہ فواد عالم کو مختصر دورانیے کی کرکٹ کیلئے زیر غور نہیں لایا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کیلئے موزوں ہیں کیونکہ انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں پرفارم کیا ہے جبکہ پاکستان ٹیم کا اگلا ٹیسٹ میچ مئی کے پہلے ہفتے میں آئر لینڈ کے خلاف ہے ٗاس صورت حال میں فواد عالم کا فٹنس ٹیسٹ لینا محض رسمی کارروائی ہے۔