لاہور(آئی این پی)قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کاکہنا ہے کہ جب بھی ٹیم کو فواد عالم کی ضرورت ہوئی اور وہ ٹیم انتظامیہ کے پلان میں ہوئے تو انہیں ضرور موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فوادعالم سمیت کسی بھی کھلاڑی سے ناانصافی نہیں کی جائے گی ۔ انہیں جان بوجھ کرنظرانداز کرنے کا تاثر بھی غلط ہے۔چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ فواد عالم باصلاحیت بیٹسمین ہے۔ ان سے میری کوئی دشمنی نہیں ہے
وہ میرے بچوں کی طرح ہے اگر وہ مصباح اوریونس کامتبادل ہوتے تو انہیں ضرور موقع دیا جاتا ۔ فواد عالم نے2009 میں آخری ٹیسٹ کھیلا ہے تو ہم سے پہلے والی سلیکشن کمیٹیاں ذمہ دار ہیں۔چیف سلیکٹر نے بتایا کہ انہوں نے فوادعالم سے فون پررابطہ کیا ہے اور ان کی حوصلہ افزائی کرکے مزید محنت کی تلقین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے پلیئرز کے آنے سے اچھے متبادل کھلاڑیوں کا پول بن گیا ہے ، ٹیم میں اب کوئی ناگزیر نہیں ۔