ابو ظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 2وکٹوں سے جیت لیا، پاکستان نے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں دو میچ جیت کر سیریز میں بھی برتری حاصل کر لی، تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، سری لنکا کی جانب سے منوویرا اور گناتھیلاکا نے بیٹنگ کا آغاز کیا دونوں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، منوویرا 19 رنز بناکر رن آؤٹ ہو گئے۔
ان کے بعد سمارا وکراما بیٹنگ کے لیے آئے انہوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا مگر وہ بھی 32 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔ گناتھیلا نے شاندار 51 رنز بنائے مگر وہ شاداب خان کی گیند پر عماد وسیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، گناتھیلا سری لنکا کے مجموعی سکور 103 پر آؤٹ ہوئے ان کے بعد آنے والے کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور سری لنکا نے بیس اوورز میں نو کھلاڑیوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 125 رنز کا ہدف دیا، پاکستان کی طرف سے فہیم اشرف نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، حسن علی نے دو اور شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستان نے 125 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو ان اوپنر بیٹسمین فخر زمان 11 بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ ان کے بعد احمد شہزاد کا ساتھ دینے کے لیے بابر اعظم آئے مگر وہ بھی ایک رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو ہو کر واپس چلے گئے، ان کے بعد احمد شہزاد کا ساتھ دینے کے لیے شعیب ملک آئے مگر احمد شہزاد ان کا زیادہ ساتھ نہیں دے سکے اور وہ 27 رنز بنا کر پریرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ان کے بعد شعیب ملک کا ساتھ دینے کے لیے محمد حفیظ آئے۔ پاکستان کے مجموعی سکور 55 پر شعیب ملک 9 رنز بنا کر پریرا کی گیند پر سمارا وکراما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ان کے بعد محمد حفیظ کا ساتھ دینے کے لیے سرفراز احمد آئے، محمد حفیظ پاکستان کے مجموعی سکور 94 پر کیچ آؤٹ ہو کر واپس چلے گئے انہوں نے 14 رنز بنائے، ان کے بعد عماد وسیم آئے مگر وہ بھی دو رنز بنانے کے بعد پریراکے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے، سرفراز احمد 28 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے، پاکستان کے مجموعی سکور 113 پر آٹھویں وکٹ گر گئی، فہیم اشرف 4 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد شاداب خان اور حسن علی نے آخری اوور میں سکور پورا کر لیا، اس طرح پاکستان نے سیریز بھی جیت لی۔