ابو ظہبی (آئی این پی)پاکستان کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں فاسٹ بولر محمد عامر کو آرام دے کر کئی لوگوں کو حیران کردیا۔پاکستانی ٹیم کے بہترین بولر کو باہر بٹھا کر نوجوان فہیم اشرف کو کھلانا دراصل روٹیشین کی پالیسی ہے تاکہ نان اسٹاپ کرکٹ کھیلنے کو آرام دے کر فٹنس سے بچایا جائے۔ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی میں ٹیسٹ سیریز کے دوران چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ہیڈ کوچ
مکی آرتھر کے درمیان فاسٹ بولروں کی جانب سے نان اسٹاپ کرکٹ کھیلنے کے بارے میں تفصیلی بات چیت ہوئی اور طے پایا کہ کچھ فاسٹ بولروں کو ٹیسٹ میچوں کے لئے مخصوص کردیا جائے۔ان بالروں میں سہیل خان اور محمد عباس شامل ہیں تاہم عامر کی فٹنس پر سوالات اٹھائے گئے کیونکہ عامر نے کاونٹی کرکٹ کھیلی جس کے دوران کاونٹی نے انہیں نچوڑ دیا پھر عامر نے دنیا بھر کی لیگز سے معاہدے کئے ہوئے ہیں۔میٹنگ میں طے پایا کہ غیر ملکی لیگز کے بارے میں بھی بورڈ کو موثر پالیسی بنانے کی تجویز دی جائے گی تاکہ فاسٹ بولر پیسہ بنانے کے چکر میں اپنے کیریئر کو ختم نہ کر دیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر راحت علی ان فٹ ہیں جبکہ ایک اور فاسٹ بولر وہاب ریاض غیر سنجیدہ انداز میں کرکٹ کھیل رہے ہیں کیونکہ انہوں نے سری لنکا کی ٹیسٹ سیریز کے بعد لاہور آکر قائد اعظم ٹرافی کا کوئی میچ نہیں کھیلا۔یاد رہے کہ یو بی ایل دو سال میں کوئی میچ نہ کھیلنے پر وہاب ریاض کو پہلے ہی ملازمت سے فارغ کر چکا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد عامر پنڈلی کی تکلیف سے صحت یاب ہوکر ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں لیکن پہلے میچ میں ٹیم انتظامیہ نے انہیں الیون میں کھلانے سے گریز کیا ہے۔ٹیم انتظامیہ ٹی ٹوئینٹی میں عامر کی فٹنس پر کوئی خطرہ مول لینے کو تیار نہیں ہیں۔