ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست دے دی،ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے ٹی ٹونٹی میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا کی جانب سے گناتھیلاکا اور دلشان مناویرا نے اننگز کا آغاز کیا مگر قومی بالرز نے ایک روزہ سیریز کی طرح یہاں بھی سری لنکن بیٹسمینوں کی ایک نہ چلنے دی، اننگز کی تیسری ہی گیند پر عماد وسیم نے مناویرا کو بولڈ کردیا، دوسرے اوپنر
گناتھیلاکا بھی 18 رنز پر وکٹ دے کر چلتے بنے، ان کے بعد آنے والے سمارا وکراما بھی صرف 23 رنز ہی بنا سکے ان کے آؤٹ ہونے کے بعد سری لنکا کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔ سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 103 رنز کا ہدف دیا، پاکستان کی طرف سے حسن علی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد حفیظ اور عثمان شنواری نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف 18 اوور میں حاصل کر لیا اور اس کے صرف تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔