لاہور(آئی این پی)قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر محمد عامر نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی تعریف کا جواب دیتے ہوئے انہیں بھی دورحاضر کا بہترین بلے باز قرار دے دیا۔بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے گزشتہ دنوں ایک ٹی وی شو میں یہ اعتراف کیا تھا کہ پاکستان کے محمد عامر دنیا کے مشکل ترین بولر ہیں۔ویرات کوہلی کی
جانب سے تعریف کرنے پر محمد عامر نے بھی ایک قدم آگے بڑھ کر ان کی تعریف کا جواب دیا اور کہا کہ ہے کہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی ایک اچھے، ان کے پسندیدہ اور کامیاب بیٹسمین ہیں، ان کے سامنے بولنگ کرنا ہمیشہ چیلنج ہوتا ہے۔محمد عامر نے کہا کہ کوہلی کے ساتھ انڈر 19 سے کھیل رہا ہوں، ان سے بہت اچھی انڈر اسٹینڈنگ ہے۔انہوں نے کہا کہ کوہلی کو ہدف کے تعاقب میں کمال مہارت حاصل ہے، اگر آپ نے انہیں ایک موقع دیا تو وہ میچ آپ کی پہنچ سے دور لے جائیں گے، جیسا انہوں نے ڈھاکا میں ایشیا کپ کے دوران بھی کیا تھا۔قومی ٹیم کے فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ کوہلی کا بیٹ بہت پسند ہے اور جب بھی ان سے مانگا انہوں نے دیا، بعض اوقات بغیر مانگے ہی بیٹ دیا۔قومی ٹیم کے فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ کوہلی سے اچھی دوستی ہے اور ان کی تعریف سے اعتماد ملتا ہے لیکن ٹف بیٹسمین کے لیے ٹف بننا پڑتا ہے کیونکہ میدان میں کوئی دوستی نہیں ہوتی ہر کھلاڑی اپنی ٹیم کے لیے جان مار رہا ہوتا ہے اس لیے کوہلی کو فوری آٹ کرنے کا پلان ہوتا ہے۔