اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی ٹیم کے تیز گیند باز حسن علی پاکستان کی جانب سے تیز ترین 50 وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلر بن گئے ہیں۔انہوں نے یہ ریکارڈ سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں حاصل کیا۔ اس میچ میں انہوں نے مجموعی طور پر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔سری لنکا کے خلاف ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے تیسرے ون ڈے میں حسن علی نے چوتھی وکٹ حاصل کی تو یہ ون ڈے میں ان کی پچاسویں وکٹ تھی۔اس سے قبل یہ ریکارڈ عظیم گیند باز
وقار یونس کے پاس تھا جنہوں نے 27 میچوں میں 50 وکٹیں حاصل کی تھیں۔حسن علی نے 50 وکٹوں کا ہندسہ 24 میچز میں عبور کیا اور اس طرح وہ پاکستان کی جانب سے وکٹوں کی تیز ترین نصف سنچری مکمل کرنے والے پہلے باولر بن گئے۔ایک روزہ کرکٹ میں سب سے تیز 50 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ سری لنکا کے اجنتھا مینڈس نے انجام دیا۔ مینڈس نے 50 وکٹیں صرف 19 میچز میں حاصل کیں۔حسن علی تیز ترین 50 وکٹیں مکمل کرنے والے دنیا کے پانچویں باؤلر بھی بن گئے ہیں۔