اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)صوبہ خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور سے تعلق رکھنے والی مریم نسیم نے تاریخ بدل ڈالی، ویٹ لفٹنگ مقابلے کی 57کلو کیٹگری میں چاندی کا تمغہ حاصل کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق تعلیم کے سلسلے میں آسٹریلیا جانیوالی پاکستان کی بیٹی مریم نسیم ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہوئے خواتین کیلئے مشعل راہ بن گئیں۔ مریم نسیم کو آسٹریلیا میں ویٹ لفٹنگ کا شوق پیدا ہوا جس کیلئے انہوںنے باقاعدہ تیاری شروع کر دی اور اپنے وزن کو بھی کم کیا ۔ یونیورسٹی آف کینبرا میں تعلیمی سیشن کے دوران انہوں نے ویٹ
لفٹنگ کو بطور پروفیشن اپنانے کا فیصلہ کیا اور میلبورن میں ہونے والے ایک ویٹ لفٹنگ مقابلے کی 57کلو گرام کیٹگری میں چاندی کا تمغہ حاصل کر کے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے کیونکہ انہوں نے محض صرف 2سال قبل ہی ویٹ لفٹنگ کا آغاز کیا تھا۔ مریم نسیم کا کہنا تھا کہ وہ ویٹ لفٹنگ کیساتھ ماڈلنگ بھی کرنا چاہتی تھیں تاہم والدین کی طرف سے اس کی اجازت نہیں ملی تو ارادہ کر دیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر بڑا فیصلہ اپنے والدین اور بڑوں کواعتما د میں لیکر کرنا چاہیئے تاکہ ان کی سپورٹ اور دعائیں ہمیشہ ساتھ رہیں۔