اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے شعیب ملک سابق صدر پرویز مشرف سے متعلق صحافی کے سوال پر بھڑک گئے۔ تفصیلات کے مطابق
سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے شعیب ملک میچ دیکھنے کیلئے سٹیڈیم آنے والے پرویز مشرف کی داد تحسین سے محروم رہنے پر مایوسی کا شکار ہو گئے ہیں۔ سابق صدر نے دبئی اسٹیڈیم میں بیٹھ کرمیچ دیکھا اور بعد ازاں ایک انٹرویو میں انہوں نے بابر اعظم ،رومان رئیس اور حسن علی کی کارکردگی پر ان کی تعریف کی تاہم انہوں نے کسی اور کھلاڑی سے متعلق کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ میچ کے بعد جب شعیب ملک پریس کانفرنس کرنے آئے تو صحافی نے سوال پوچھا کہ پرویز مشرف نے آپ کی تعریف کیوں نہیں کی حالانکہ آپ نے میچ وننگ اننگز کھیلی جس کے جواب میں شعیب ملک نے سخت لہجہ اپنایا اور غصیلےانداز میں کہا کہ ’اس کا جواب پرویز مشرف دیں گے، جائیں اور سابق صدر سے اس کا جواب لیں۔بعدازاں شعیب ملک کا کہنا تھا کہ سینئر کھلاڑیوں کو تعریف کی ضرورت نہیں نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کیلئے پذیرائی کی بے حد ضرورت ہوتی ہے اور میرے خیال میں سابق صدر پرویز مشرف نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کر کے اچھا کام کیا ہے۔