اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں پہلا ون ڈے83 رنز سے جیت لیا ہے، تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، فخر زمان اور احمد شہزاد نے پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز کیا، احمد شہزاد 12 گیندیں کھیلے مگر بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہو گئے، دوسری جانب فخر زمان اپنے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے رہے، احمد شہزاد کے بعد ان کا ساتھ بابر اعظم دے رہے تھے،
ان دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 64 رنز کی شراکت ہوئی تھی کہ 43 رنز بنانے کے بعد فخر زمان آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، اب بابر اعظم کا ساتھ دینے کے لیے حفیظ میدان میں آئے، محمد حفیظ نے جارحانہ انداز اپنایا مگر 32 کے انفرادی سکور پر وہ بھی اپنی وکٹ سری لنکا کے جیفری ویندر کو دے بیٹھے، اس کے بعد بابر اعظم اور شعیب ملک نے پاکستان کی پوزیشن کافی مستحکم کر دی، ان دونوں نے 139 رنز کی شراکت کی، شعیب ملک نے تیز کھیلتے ہوئے 61 گیندوں پر دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے اور آؤٹ ہو گئے۔ بابر اعظم اپنے کیرئیر کی چھٹی سنچری کرنے میں کامیاب رہے وہ 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز تین گیندوں پر ایک رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، عماد وسیم اور حسن علی بالترتیب 10 اور 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، اس طرح پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 292 رنز سکور کیے اور سری لنکا کو جیتنے کے لیے293 رنز کا ٹارگٹ دیا، جس کے جواب میں سری لنکا کی طرف سے ڈک ویلا اور تھرنگا اننگز کا آغاز کرنے کے لیے آئے تو شروع میں ہی سری لنکا کو نقصان اٹھانا پڑ گیا ،ڈک ویلا 19 رنز بنانے کے بعد رومان رئیس کی گیندپر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین واپس لوٹ گئے، دوسری اوپنر تھرنگا کو محمد حفیظ نے بولڈ کر دیا،
اس کے بعد ایل ڈی چندیمل 4 رنز بنانے کے بعد رومان رئیس کا شکار بن گئے، سری لنکا کی طرف سے تھری مانیے 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے مگر وہ بھی رومان رئیس کے ہاتھوں آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، مینڈس 2 رنز ، سری وردھنا 0 ، پریرا 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا مقررہ پچاس اوورز میں پاکستان کے سکور 292 کے جواب میں صرف 209 رنز بناسکی اس طرح پاکستان نے یہ میچ 83 سکور سے جیت لیا،پاکستان کی طرف سے رومان رئیس اور حسن علی نے3، 3 وکٹیں حاصل کیں ان کے علاوہ محمد حفیظ اور شاداب خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔