دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) لیگ اسپنر یاسر شاہ بھی اسپن بولنگ پارٹنر کی کمی محسوس کرنے لگے ہیں۔ دبئی ڈے نائٹ ٹیسٹ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسپن بولنگ پارٹنر کی موجودگی سے پرفارمنس بہتر ہوتی ہے۔یو اے ای میں پاکستان کا 10 سال تک ناقابل شکست رہنے کاریکارڈ خطرے میں ہے۔ ابوظہبی ٹیسٹ جیتنے کے بعد دبئی ڈے نائٹ ٹیسٹ میں بھی سری لنکا وننگ پوزیشن میں ہے۔
پاکستانی اسپن جادوگر یاسر شاہ سیریز میں اب تک 15 وکٹیں لے چکے ہیں اور وہ تن تنہا ٹیم کی نیا پار لگانے میں کوشاں ہیں لیکن وہ بھی اسپن پارٹنر کی کمی محسوس کرنے لگے ہیں۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے یاسر شاہ نے کہا کہ فاسٹ بولرز کی طرح اسپن بولنگ میں بھی جوڑی زیادہ کامیاب ہوتی ہے۔ دونوں اینڈ پر اسپنرز کی موجودگی سے کارکردگی میں نکھار آتا ہے اور بولنگ کا دبا بھی کم ہوتا ہے۔ دبئی ٹیسٹ میں 3 فاسٹ بولرز کو وکٹ سے زیادہ مدد نہیں مل رہی اس لئے پہلے دن انہیں بہت زیادہ بولنگ کرنا پڑی۔یاسر شاہ نے کہا کہ اس پہلے کبھی ٹیسٹ کے پہلے دن اتنے اوورز نہیں کرائے تھے۔ اتنے اوورز کرانے کے بعد کچھ تھکن کا بھی احساس ہوا۔ یاسر شاہ نے ابوظہبی ٹیسٹ میں 84 اوورز کرائے جبکہ دبئی ٹیسٹ میں وہ اب تک 62 اوورز کراچکے ہیں۔ یہ صورتحال کسی بھی اسپنرکے لئے تباہ کن ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ پرفارمنس کا معیار برقرار رکھنے اور فاسٹ بولرز کو سپورٹ کرنے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔ لگاتار 5 ٹیسٹ میں5 وکٹیں لینے کے ریکارڈ کا علم نہیں تھا۔