بلوم فونٹین(آئی این پی) جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو میچ کے تیسرے ہی روزایک اننگز اور 254رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔فالو آن کے بعد بنگلادیشی ٹیم 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی، محمود اللہ نے سب سے زیادہ 43 رنز بنائے، کاگیسو ربادا نے اس بار بھی مہمانوں کی کمر توڑتے ہوئے 5 وکٹیں لیں، فیلوکوایو نے 3 کھلاڑی آٹ کیے۔ تفصیلات کے
مطابق جنوبی افریقہ نے بنگلادیش کو دوسرے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 254 رنز سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز 2-0 سے جیت لی۔مہمان سائیڈ نے تیسرے دن کا آغاز فالو آن کے بعد اپنی دوسری اننگز کے اسکور 7 رنز بغیر کسی نقصان سے کیا مگر مجموعے میں صرف 6 رنز کا اضافہ ہی ہوا تھا کہ کھلاڑیوں کے آنے جانے کا سلسلہ شروع ہوگیا، سومیہ سرکار (3) کو ربادا نے ڈوپلیسی کی مدد سے قابو کیا، مومن الحق (11) بھی ربادا کی وکٹ بنے، کیچ کیشو مہاراج نے تھامام، اوپنر امر القیس کو اولیور نے زیادہ مزاحمت نہیں کرنے دی، وہ 32 رنز پر وکٹ کیپر ڈی کک کا کیچ بن گئے، مشفیق الرحیم (26) کو پارنیل نے ایل بی ڈبلیو کیا۔پہلی اننگز میں 70 رنز بنانے والے لٹن داس اس بار 18 رنز پر فیلوکوایو کی گیند پر بولڈ ہوگئے، محمود اللہ نے سب سے زیادہ 43 رنز بنائے، انھیں ربادا کی گیند پر گلی سے بڑی ڈائیو لگا کر ایلجر نے کیچ کیا، صابر رحمان (4) فیلوکوایو کی گیند پر ڈو پلیسی کا کیچ ثابت ہوئے، تیج الاسلام (2) اور روبیل حسین (7) کو کاگیسو ربادا نے بولڈ کیا، آخری وکٹ مستفیض الرحمان (7) کی صورت میں فیلوکوایو کے ہاتھ لگی۔اس کے ساتھ ہی بنگلادیش کی دوسری اننگز کا بھی 172 رنز پر اختتام ہوگیا، بنگال
ٹائیگرز دو باریاں کھیل کر بھی جنوبی افریقہ کے پہلی اننگز میں 4 وکٹ پر ڈیکلیئرڈ کیے جانے ولے اسکور 573 رنز کے قریب بھی نہیں پہنچ پائے، پہلی اننگز میں بنگلادیشی ٹیم 147 رنز پر آٹ ہوگئی تھی، ربادا نے دونوں اننگز میں 5، 5 وکٹیں لے کر مقابلے میں مجموعی شکار کی تعداد 10 کی، انھیں میچ جبکہ ڈین ایلجر کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔