آکلینڈ (آئی این پی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )کا2017کا آخری سہ ماہی اجلاس رواںہفتے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں ہورہا ہے جس میں 9 ملکی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی منظوری دی جائے گی۔ 13 ملکی ون ڈے لیگ کی منظوری کا بھی امکان ہے۔2017کا آئی سی سی کا آخری سہ ماہی اجلاس اس ہفتے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں ہورہا ہے۔ اجلاس میں 9 ملکی ٹیسٹ
چیمپئن شپ کی منظوری دی جائے گی۔ آئی سی سی حکام کا کہنا ہے کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے مقابلے میں ٹیسٹ کرکٹ کی مقبولیت برقرار رکھنے کے لئے چیمپئن شپ ضروری ہے۔2سالہ مدت کے دوران 9 ممالک ایک دوسرے کے خلاف کم از کم 2 ٹیسٹ کی سیریز لازمی کھیلیں گے۔ 2 سالہ مدت کے اختتام پر 2سرفہرست ٹیمیں لارڈز گرانڈ میں فائنل کھیلیں گی۔ فاتح ٹیم ٹیسٹ چیمپئن کا
مقام حاصل کرلے گی۔ 13 ٹیموں پر مشتمل ون ڈے لیگ کی منظوری دی جانے کی بھی امید ہے۔3سالہ مدت میں ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف 3 میچز کی سیریز کھیلے گا۔ ون ڈے لیگ ورلڈ کپ 2023 کے لئے کوالیفائرز بھی ہوگا۔پی سی بی کے دعووں کے برعکس بھارت سے باہمی سیریز نہ کھیلنے پر ہرجانہ کا معاملہ آئی سی سی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہی نہیں ہے۔پی سی بی صرف بھارتی ہم منصبوں سے حکومتی اجازت نہ ملنے کا ثبوت طلب کرے گا۔