دبئی (آئی این پی)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر پنڈلی کی تکلیف کے سبب سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ڈاکٹروں نے انھیں دو سے تین ہفتے آرام کے لیے کہا ہے۔محمد عامر کو پنڈلی کی یہ تکلیف دبئی میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن ہوئی تھی اور وہ اپنا اوور نامکمل چھوڑ کر میدان سے باہر چلے گئے تھے لیکن حیران کن طور پر ٹیم منیجمنٹ نے ان کا ایم آر آئی نہیں کرایا اور دوسرے
دن کھیل شروع ہونے سے قبل ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور ٹیم کے ڈاکٹر نے انہیں نیٹ پر بولنگ کرا کر دیکھا اور کھیلنے کی اجازت دے دی گئی۔لیکن دوسرے دن محمد عامر ایک بار پھر پنڈلی کی تکلیف کے سبب صرف تین اوور کرانے کے بعد میدان سے باہر چلے گئے جس کے بعد انھیں ایم آر آئی کے لیے اسپتال بھیجا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ محمد عامر ضرورت پڑنے پر دبئی ٹیسٹ میں بیٹنگ کر سکیں گے لیکن وہ نہ صرف اس ٹیسٹ میں بولنگ کے قابل نہیں رہے بلکہ سری لنکا کے خلاف پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز سے بھی باہر ہو گئے ہیں جس کا پہلا میچ 13 اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جانا ہے۔محمد عامر کے متبادل کے طور پر فاسٹ بولر عثمان شنواری کا نام لیا جا رہا ہے۔محمد عامرنے انٹرنیشنل کرکٹ میں پانچ سالہ پابندی ختم ہونے پر واپس آنے کے بعد سے 16 ٹیسٹ میچوں میں 44 وکٹیں حاصل کی ہیں تاہم ویسٹ انڈیز کے خلاف کنگسٹن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کی عمدہ کارکردگی کے بعد سے وہ آٹھ اننگز میں صرف آٹھ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے ہیں۔سری لنکا کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں انھیں ایک بھی وکٹ نہیں مل سکی تھی۔ دبئی ٹیسٹ میں وہ صرف ایک کھلاڑی کو آٹ کر سکے۔