اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) کرکٹ کی 140 سالہ تاریخ میں ایک نئے ریکارڈ کا اضافہ ہوا ہے، پاکستان کے یاسر شاہ نے سری لنکا کے خلاف دبئی میں جاری ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے اپنی شاندار باؤلنگ سے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ یاسر شاہ اس ٹیسٹ میچ میں 6 وکٹیں لے کرمسلسل 5 ٹیسٹ میچوں میں پانچ یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں،
کرکٹ کی 140 سالہ تاریخ میں یہ اعزاز پاکستان کے یاسر شاہ کو حاصل ہوا ہے۔ واضح رہے کہ یاسر شاہ نے 13 ویں مرتبہ ٹیسٹ اننگز میں پانچ یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کرکے فضل محمود اور ثقلین مشتاق کا ریکارڈ بھی برابر کردیا ہے، یہ ڈے این نائٹ ٹیسٹ میچ یاسر شاہ کا 28 میچ ہے، فضل محمود نے 34 ٹیسٹ میچ اور ثقلین مشتاق نے 49 ٹیسٹ میچ کھیل کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا مگر یاسر شاہ نے اپنے 28 ویں میچ میں ہی یہ کارنامہ سر انجام دے دیا۔ ٹیسٹ اننگز میں پانچ یا پانچ سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بالرز میں وسیم اکرم سب سے اوپر ہیں انہوں نے 25 مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا ہے، ان کے بعد عمران خان 23 مرتبہ یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔ یاسر شاہ نے اس ٹیسٹ میچ میں چھ وکٹیں حاصل کرکے عمر گل کی زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ بھی برابر کردیاہے دونوں کھلاڑیوں نے اب تک 163، 163 وکٹیں حاصل کی ہوئی ہیں، یاد رہے کہ یہاں بھی وسیم اکرم سب سے آگے ہیں انہوں نے 414 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔