لندن (این این آئی)انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین اسٹوک کو ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ کے بعد برسٹل میں پیش آنے والے ایک واقعے کی وجہ سے گرفتار کرلیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بین اسٹوک کو تیسرے ایک روزہ میچ کے بعد جھگڑا کرنے پر پولیس نے گرفتار کیا اور رات حوالات میں گزارنے کے بعد انہیں بغیر کسی الزام کے چھوڑ دیا گیا۔بین اسٹوک کے ساتھی کھلاڑی ایلکس ہیلز بھی واقعہ میں ملوث تھے اور دونوں کھلاڑی اب ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری دونوں میچ نہیں کھیل سکیں گے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بین اسٹوک کو برے رویے کے باعث ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کا سامنا کرنا پڑا ہو۔2012 میں بھی انہیں دیر تک باہر رہنے پر گرفتار کیا گیا اور پولیس کی جانب سے وارننگ بھی ملی جب کہ 2013 میں دیر تک شراب نوشی کی وجہ سے انہیں انگلینڈ لائنز کے دورے سے واپس گھر بھیج دیا گیا۔2014 بین اسٹوک نے غصے میں تالے پر مکا مار کر اپنا ہاتھ بھی توڑ دیا تھا جس کی وجہ سے وہ ورلڈ ٹی 20 سے دستبردار ہو گئے تھے۔