لاہور( این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اسپاٹ فکسنگ میں سزا بھگتنے والے کرکٹر سلمان بٹ کو پاکستان اے ٹیم میں شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ذرائع نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ سلمان بٹ کو دورہ زمبابوے میں پاکستان اے میں شامل کیا جاسکتا ہے جبکہ یہ دورہ آئندہ ماہ متوقع ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان اور زمبابوے بورڈز کے درمیان پاکستان اے ٹیم کے دورے پر بات چیت جاری ہے۔
سلمان بٹ لاہور اور واپڈا کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہے ہیں ۔چیف سلیکٹر انضمام الحق پہلے ہی سلمان بٹ کو اے ٹیم میں شامل کرنے کے حوالے سے بیان دے چکے ہیں۔گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے انضمام کا کہنا تھا کہ چھ سال بعد کرکٹ میں واپسی کے باجود سلمان بٹ نے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔انضمام نے کہا کہ ہم سلمان بٹ کو فوری طور پر بین الاقوامی کرکٹ میں نہیں لانا چاہتے اور پہلے انہیں پاکستان اے کے دورے پر آزمانہ چاہتے ہیں۔