اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) کرکٹ ورلڈ کپ 2019 سے ویسٹ انڈیز کی ٹیم باہر ہو گئی ہے، تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز کا پہلا میچ ہارنے کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم 2019ء کے ورلڈ کپ میں براہ راست کوالیفائی نہیں کر سکے گی۔ ویسٹ انڈیز کی شکست نے سری لنکا کی ٹیم کو آگے آنے کا موقع فراہم کیا ہے اس طرح اب سری لنکا کی ٹیم نے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیاہے۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کے خلاف ہونے والی اس سیریز میں ویسٹ انڈیز کو کم از کم 0-4 یا 0-5 سے کامیابی حاصل کرنے کی ضرورت تھی اور اسی صورت میں وہ براہ راست ورلڈ کپ کے لیے رسائی حاصل کر سکتی تھی۔ برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قواعد و ضوابط کے مطابق ورلڈ کپ میں براہ راست کوالیفائی کرنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر تھی مگر انگلینڈ کی ٹیم سے شکست کے بعد ویسٹ انڈیز اپنے 78 پوائنٹس میں اگلے 10 دنوں میں اتنا اضافہ نہیں کر سکتی کہ وہ سری لنکا کے 86 پوائنٹس کو عبور کر سکے۔ اس طرح اب ویسٹ انڈیز کو ورلڈ کپ میں شمولیت کے لیے دس ملکی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ اس کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں ویسٹ انڈیز کے مدمقابل افغانستان، زمبابوے، آئرلینڈ اور دیگر ٹیمیں ہوں گی۔ اس کوالیفائنگ راؤنڈ میں پہلی دو پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں انگلینڈ میں کھیلے جانے والے 2019ء ورلڈ کپ کا حصہ بنیں گی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کر چکے ہیں۔