اسلام آباد (این این آئی)نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور ورلڈ الیون کا حصہ گرانٹ ایلیٹ نے آزادی کپ کیلئے سیکیورٹی کے انتظامات کو غیرمعمولی قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوگی۔تفصیلات کے مطابق گرانٹ ایلیٹ، پاکستان کا دورہ کرنے والی آئی سی سی کی ورلڈ الیون کا حصہ تھے جس میں سات ممالک کے کھلاڑی شامل تھے۔ایک انٹرویو میں نیوزی لینڈ کے کرکٹر نے
کہاکہ میرا لاہور آنے کا تجربہ شانداررہا ٗسیکیورٹی غیرمعمولی تھی اور ہم سب کھلاڑیوں نے تحفظ کا احساس کیا۔آل راؤنڈر نے کہا کہ جب ہم گراؤنڈ سے ہوٹل جاتے تو یہ اتنا ہی محفوظ تھا جتنا دیگر کسی ملک میں ہوتا ہے ٗیہ کرکٹ کھیلنا والا واحد ملک تھا جہاں میں نہیں آیا تھا تاہم اب میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ میں پاکستان میں کرکٹ کھیل چکا ہوں۔انھوں نے کہا کہ یہ شاندار ہے ٗ میزبانی ٗمیدان میں تماشائیوں کا تعاون یہاں پر بہتر تھا۔ایلیٹ نے سیکیورٹی کے صحیح اقدامات کی صورت میں پاکستان میں مزید بین الاقوامی ٹیموں کے دورے کا توقع ظاہر کیا۔نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر نے پرامید لہجے میں کہا کہ اگر سیکیورٹی منصوبے جیسے آج ہیں ایسے ہی رہے تو دوسری ٹیمیں بھی یہاں آئیں گی۔انہوںنے کہاکہ امید ہے کہ پاکستان اپنے گھر میں ٹیسٹ کرکٹ دوبارہ کھیلے گا جو بچوں کیلئے اچھا ہوگا کہ وہ اپنے ہیروزکو کھیلتا دیکھ پائیں گے۔