نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا شمار امیر ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ انڈین اور انٹرنیشنل کمپنیاں اپنی پراڈکٹ کی تشہیر کیلئے ان کیلئے بے تاب رہتی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق ویرات کوہلی کرکٹ اور دیگر ذرائع سے پیسہ کما کر ارب پتی بن چکے ہیں۔
تاہم حال ہی میں ایک مشہور سافٹ ڈرنک کمپنی نے انھیں اپنے پراڈکٹ کی تشہیر کیلئے کروڑوں روپے کی آفر کی تو ویرات کوہلی نے اسے یکسر مسترد کر دیا۔خیال رہے کہ ویرات کوہلی کا شمار دنیائے کرکٹ کے سب سے فٹ کھلاڑی اور مایہ ناز بلے بازوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنی کارکردگی اور فٹنس لیول بڑھانے کیلئے سالوں محنت کی تو اس مقام تک پہنچے۔ 28 سالہ ویرات کوہلی نے اپنی فٹنس کو بہتر بنانے کیلئے نا صرف اپنی خوراک کو کنٹرول کیا بلکہ چٹ پٹے اور مرغن کھانوں سے اجتناب کیا بلکہ سالوں پہلے سافٹ ڈرنکس پینا بھی چھوڑ دیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سافٹ ڈرنک کمپنی اور ویرات کوہلی کے درمیان معاہدے کی توسیع رواں سال 30 اپریل کو ہونا تھی لیکن کپتان نے اس پراڈکٹ کے ساتھ جڑے صحت عامہ سے متعلق اپنے خدشات سے کمپنی کو آگاہ کرتے ہوئے اس سے انکار کر دیا۔ یاد رہے کہ ویرات کوہلی نے رواں سال ہی اعلان کر دیا تھا کہ وہ صرف پیسوں کی خاطر کسی بھی قسم کی اشیا کی تشہیر نہیں کریں گے۔