اسلام آباد (این این آئی)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان چیمپیئنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی کے بعد شہرت کی بلندی پر پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کی کم از کم تین فرنچائزز نے انھیں لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں اپنی ٹیم میں شامل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کرکٹ بورڈ نے تیسری پاکستان سپر لیگ کیلئے جن قومی کھلاڑیوں کی فہرست مختلف کیٹگریز کے لحاظ سے مرتب کی اس میں فخر
زمان کو دو کیٹگریز ترقی دیتے ہوئے ڈائمنڈ کیٹگری میں رکھا گیا دوسری پاکستان سپر لیگ میں فخر زمان سلور کیٹگری میں تھے تاہم اب معلوم ہوا کہ لاہور قلندر فخر زمان کو ڈائمنڈ کی بجائے گولڈ کیٹگری میں کھلانا چاہتی ہے اور اس حوالے سے آئندہ چند ایک روز میں فخر زمان کے بارے میں صورت حال واضح ہوجائے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے تیسری پاکستان سپر لیگ کیلئے جو فہرست مرتب کی ہے ان میں 11 کرکٹرز پلاٹینم کیٹگری میں شامل ہیں جن میں سے تین کرکٹرز عماد وسیم، کامران اکمل اور محمد حفیظ ترقی پا کر اس کیٹگری میں شامل ہوئے ہیں۔ گذشتہ ایونٹ میں عماد وسیم اور کامران اکمل گولڈ جبکہ محمد حفیظ ڈائمنڈ کیٹگری میں شامل تھے۔ڈسپلن اور فٹنس کی وجہ سے اپنے کریئر میں مشکلات کا شکار عمر اکمل کا نام پلاٹینم کیٹگری میں شامل ہے۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دو کھلاڑی شاداب خان اور حسن علی ایمرجنگ کیٹگری سے ترقی پا کر اب گولڈ کیٹگری میں شامل کیے گئے ہیں۔پاکستان سپر لیگ کی اس فہرست میں حیران کن طور پر شاہ زیب حسن کا نام بھی شامل ہے حالانکہ ان کا معاملہ ان دنوں پاکستان سپر لیگ سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں زیرِ سماعت ہے اس کے باوجود سلیکٹرز نے ان کا نام پاکستان سپر لیگ کے کھلاڑیوں میں شامل کر رکھا ہے۔