اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کرکٹ ہمیشہ سے ہی بہترین فاست باؤلرز پیدا کرنے کیلئے مشہور رہی ہے اور فضل محمود، سرفراز نواز، عمران خان اور وسیم و وقار کے بعد شعیب اختر نے عمدہ باؤلنگ سے دنیا بھر میں صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔موجودہ دور میـں محمد عامر، جنید خان اور حسن علی جیسے کھلاڑی بھی ان کی ڈگر پر چلتے ہوئے پاکستان کرکٹ کیلئے کارہائے نمایاں انجام دے رہے ہیں ۔ موقر انگریزی قومی اخبار
’’ڈان‘‘ کی رپورٹ کے مطابق اب شاہین شاہ کی شکل میں ابھرتا ہوا ایک اور روشن ستارہ پاکستان کرکٹ کا نام روشن کرنے کیلئے تیار ہے۔فاتا کی خیبر ایجنسی سے تعلق رکھنے والے ابھرتے ہوئے باصلاحیت فاسٹ باؤلر شاہین خان آفریدی سے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کی ٹیم ڈھاکا ڈائنا مائٹس نے دو سال کا معاہدہ کر لیا ہے جہاں وہ کمار سنگاکارا، سنیل نارائن اور شاہد خان آفریدی جیسے اسٹارز کے ساتھ کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔17 سالہ فاسٹ باؤلر کو عظیم لیگ اسپنر اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ مشتاق احمد نے چند سال قبل پی سی بی کے انڈر16 ٹیلنٹ پروگرام کے دوران انہیں دریافت کیا تھا۔بائیں ہاتھ کے شاہین شاہ کا ایکشن اسٹار آسٹریلین فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک سے کافی ماثلت رکھتا ہے اور وہ قدرتی طور پر دائیں ہاتھ کے بلے بازوں کو ان سوئنگ باؤلنگ کی صلاحیت رکھنے کے ساتھ ساتھ گیند کو باہر نکالنے کے فن سے بھی واقف ہیں۔نووارد فاسٹ باؤلر کی سب سے بڑی خوبی ان کی رفتار ہے اور گزشتہ سال پی سی بی کے انڈر16 کیمپ کے دوران وہ مستقل 135 کلو میٹر فی گھنٹہ جبکہ کبھی کبھار 140 کلو میٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے گیند کرتے ہوئے دیکھے گئے تھے اور اب عمر کے ساتھ ساتھ ان کی رفتار میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔شاہین شاہ ’’سایا کارپوریشن‘‘ نامی کمپنی کی نمائندگی کرتے ہیں اور اس کمپنی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان سپر لیگ کی کئی ٹیمیں لیگ کے تیسرے ایڈیشن کیلئے فاسٹ باؤلر کی خدمات سے مستفید ہونے کی خواہشمند ہیں۔