دبئی(آئی این پی)آسٹریلوی ٹیم دوسرے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کوشکست دینے کے باوجود آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں چوتھی سے پانچویں پوزیشن پر پہنچ گئی۔ نیوزی لینڈ نے یکساں 97 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ترقی کرلی اسٹیو اسمتھ الیون نے سیریز میں ناکامی سے محفوظ رہ کر آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بدترین چھٹی پوزیشن پر تنزلی سے بھی خود کو بچالیا،
لیکن چوتھی سے پانچویں پوزیشن پرجانے سے خود کو نہ بچاسکی۔سیریز کے آغاز سے قبل آسٹریلیا 100 رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر فائز تھا، لیکن نویں نمبر کی بنگلہ دیش ٹیم سے پہلا ٹیسٹ ہارنے پر اس کے تین رینکنگ پوائنٹس کٹ گئے۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ دونوں کے 97 پوائنٹس ہوگئے، لیکن معمولی فرق سے آسٹریلیا کی پانچویں پوزیشن پر تنزلی اور نیوزی لینڈ کی چوتھے نمبر پر ترقی ہوگئی۔بھارت 125، جنوبی افریقا 110 اور انگلینڈ 105 پوائنٹس لے کر پہلی تین پوزیشنز پر برقرار ہیں۔ پاکستان، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی چھٹی، ساتویں اور آٹھویں پوزیشن بھی برقرار ہے۔ بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز سے محض ایک پوائنٹ کی کمی سے نویں نمبر پرموجود ہے۔