لاہور(آئی این پی) اینٹی کرپشن ٹریبیونل نے اسپاٹ فکسنگ میں معطل کرکٹر شرجیل خان کے کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔اینٹی کرپشن ٹریبیونل نے اسپاٹ فکسنگ میں معطل کرکٹر شرجیل خان کے کیس کا 66 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے جسے جلد پبلک کر دیا جائے گا۔ کرکٹر کے وکیل شیغان اعجاز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے میں بہت سی چیزیں ہمارے حق میں ہیں، 14 روز میں فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔
ڈھائی برس کی معطل سزا اور جرمانہ نہ ہونا ہماری بڑی کامیابی ہے، اپیل کرنے کیلیے دو فورمز دیئے گئے ہیں۔پی سی بی کے جی ایم لیگل سلمان نصیر نے کہا کہ آج ہی کیس کا تفصیلی فیصلہ پبلک کر دیا جائے گا، پہلی مرتبہ کیس کے تمام شواہد عوام کے سامنے لائے جا رہے ہیں، کرکٹر کو پانچوں الزامات میں سزا سنائی گئی ہے، فیصلے کا جائزہ لینے کے بعد اپیل کا فیصلہ کریں گے۔