لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور ورلڈ الیون کی 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں پاکستانی لیجنڈ وسیم اکرم کمنٹری کریں گے۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹرز کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے۔غیر ملکی کھلاڑی آئیں گے تو انہیں پتہ چلے گا کہ پاکستان میں کرکٹ کا کتنا جنون ہے۔ اگر کوئی اچھا کام کررہا ہے تو اس کی تعریف کرنی چاہئے۔وسیم اکرم نے کہا کہ قومی ٹیم ابھی چیمپیئنز کی چیمپیئن بنی ہے۔ سابق کپتان نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی اپنے ہیروز کو کھیلتا ہوا دیکھیں گے
جس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا اور نوجوان پلیئرز کا مورال بلند ہو گا جبکہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان پر میں کمنٹری کے فرائض بھی سرانجام دوں گا۔وسیم اکرم پاکستان کے مایہ ناز گیند باز تھے جو بائیں ہاتھ سے گیند بازی کرنے والے دنیا کے سب سے بہتر گیند باز مانے جاتے ہیں۔ 3 جون، 1966 کو لاہور، پاکستان میں پیدا ہونے والے گیند باز ایک روزہ کرکٹ میں 500 سے زیادہ وکٹیں لینے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 356 ایک روزہ میچوں میں 502 وکٹیں لیں۔ وسیم اکرم آج کل کمنٹری کرتے ہیں۔