لاہور ( این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی کے افغان ٹی ٹونٹی لیگ کھیلنے کے اعلان سے ناخوش ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آفریدی کو اس حوالے سے این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کر رکھا ہے جبکہ جن کرکٹرز نے این او سی طلب کیے انہیں انکار کیا جا چکا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے افغان لیگ کے این او سی کے لیے تاحال پی سی بی سے رابطہ نہیں کیا
جبکہ وہ بگ بیش کے این او سی کے لیے رابطہ کرچکے ہیں۔خیال رہے کہ پی سی بی اور افغان بورڈ کے درمیان افغانستان کی جانب سے پاکستان میں میچ کھیلنے سے انکار کے بعد سے تعلقات کشیدہ ہیں۔آفریدی نے منگل کو لیگ میں شمولیت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جہاں کھیلتے ہیں، پاکستان ہی کی نمائندگی کرتے ہیں۔آفریدی اس وقت انگلینڈ میں ٹی ٹونٹی لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں جہاں انہوں نے ہمپشائر کے لیے ایک شاندار سنچری بھی اسکور کی۔