اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی افریقہ میں گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کی ڈرافٹنگ ہو گئی، تفصیلات کے مطابق کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقہ گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کی ڈرافٹنگ ہوئی جس میں پاکستانی مایہ ناز بیٹسمین اور چیمپئنز ٹرافی فائنل کے ہیرو فخر زمان کو ڈربن قلندرز نے خرید لیا ہے۔
اس کے علاوہ عمر اکمل جو آج کل پی سی بی کے زیر عتاب ہیں انہیں بھی ہاتھوں ہاتھ لیا گیا ہے۔ عمر اکمل کو کو بینونی زلمی نے ایک لاکھ ڈالر میں خریدا ہے۔ پاکستانی باؤلر جنید خان گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کی فرنچائز نیلسن منڈیلا سٹارز کی جانب سے اپنی باؤلنگ کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔ پاکستان کے ایک اور مایہ ناز سپنر عماد وسیم ٹیم سٹیلن بوش کا حصہ بن گئے ہیں، اس ڈرافٹنگ میں پاکستان کے سابق کپتان مصباح الحق سمیت 25 پاکستانی کھلاڑی شامل ہیں، جنوبی افریقہ کی اس ٹی ٹوئنٹی لیگ کا آغاز نومبر سے ہو گا، جنوبی افریقی لیگ کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب کا عمل مکمل ہو گیا ہے جس میں آٹھ ٹیموں کے لیے کل 9 پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنے اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔واضح رہے کہ ڈرافٹنگ کے اس عمل میں 25 پاکستانی کھلاڑیوں کے نام شامل تھے۔ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ سے ٹکراؤ کی وجہ سے کئی پاکستانی کھلاڑی جنوبی افریقی لیگ کا حصہ نہیں بن سکے ، شاہد آفریدی نے بھی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کی وجہ سے جنوبی افریقہ میں کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔