لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی میچز میں پاکستان ٹیم کی جیت میں ان کا کوئی کارنامہ نہیں ہے۔سابق کپتان نے کہا کہ سرفراز احمد کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ پاکستان ٹیم کو فتح دلانے میں آپ نے کوئی کمال نہیں کیا بلکہ یہ میچ آپ کو جتوائے گئے ہیں۔انہوں نے سرفراز احمد کو آڑے ہاتھوں لیتے
ہوئے کہا کہ آپ زیادہ اترائیں نہیں کیونکہ ہمیں سب معلوم ہے کہ کرکٹ میں کیا ہوتا اور کیا نہیں ہوتا۔انہوں نے دوران گفتگو کہا کہ مجھ سے اب یہ نہ پوچھ لیا جائے کہ کس نے پاکستان ٹیم کو میچ جتوائے ہیں، کیونکہ ظاہر ہے پاکستان کو جیت اللہ تعالی نے دعاں کے نتیجے میں دی تاہم اس جیت کے جو وسیلے ہیں، میں ان کا نام نہیں لوں گا۔انہوں نے تنقید کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر کہا کہ ان سرفراز احمدکو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ آپ کا کوئی کمال نہیں تھا۔عامر سہیل نے انکشاف کیا کہ سرفراز احمد کو کسی خاص مقصد کے تحت پاکستان ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے، ساتھ ہی انھوں نے مشور ہ دیا کہ سرفراز احمد اپنا دماغ درست رکھیں، انہیں اتنا زیادہ سر پر چڑھنے کی ضرورت نہیں ہے۔عامر سہیل نے کہا ہمیں آپ(سرفراز احمد)کی قابلیت کا علم ہے لہذا آپ چپ کرکے اپنی کرکٹ کھیلیں۔ان کا کہنا تھا کہ ‘اگر آپ غلط کریں گے تو ہم آپ کو غلط کہیں گے، اگر آپ درست کریں گے تو ہم آپ کو سراہیں گے جبکہ درست کرتے ہوئے کوئی غلطی کریں گے تو ہم اس کی بھی نشاندہی کریں گے۔سرفراز پر تنقیدی بیان کے بعد عامر سہیل پر بھی سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی گئی، جس پر انھوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کی سیاق و سباق سے ہٹ کر تشریح کی گئی۔انہوں نے کہا کہ وہ واحد شخص تھے جنہوں نے سرفراز احمد کو پاکستان ٹیم کا کپتان بنانے کی سب سے پہلے حمایت کی تھی۔
عامر سہیل نے واضح کیا کہ انہوں نے یہ کبھی نہیں کہا کہ سرفراز احمد ایک خاص ایجنڈے کے تحت کام کر رہے ہیں۔سابق کپتان نے بتایا کہ انہوں نے یہ بیان اس لیے دیا تھا کیونکہ سری لنکا کے خلاف میچ میں فتح کے بعد جب سرفراز سے پوچھا گیا تھا کہ کیا آپ اس جیت کو جاوید میانداد کے نام کرتے ہیں تو اس کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا تھا کہ نہیں وہ(جاوید میانداد)ہم پر بہت تنقید کرتے ہیں۔
انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ سرفراز کے اسی جواب کے پیش نظر میں نے کہا تھا کہ انھیں جاوید میانداد کے خلاف کوئی بات نہیں کرنی چاہیے تھی کیونکہ جاوید میانداد ایک بہت بڑا نام ہے اور وہ جو بھی تنقید کرتے ہیں پاکستان ٹیم کی بہتری کے لیے ہی ہوتی ہے۔