کارڈیف ( این این آئی )آئی سی سی چمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے سیمی فائنل کی تمام ٹکٹیں فروخت ہو گئیں ۔گلیمورگن کرکٹ کلب کے چیف ایگزیکٹو ہیؤ مورس کا کہنا ہے کہ میچ کے تمام ٹکٹ پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں اور اس کے ایک تہائی سے زیادہ خریدار بھارتی شائقین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہمیں یہ میچ منعقد کروانے کے لیے کہا گیا تو ہمیں علم نہیں تھا کہ
کون سی ٹیم اس میں حصہ لے گی لیکن دو مہینے قبل ہی اس میچ کی تمام ٹکٹیں بک گئیں اور انہیں خریدنے والے 38 فیصد افراد ابھارتی شائقین ہیں۔بھارت کی ٹیم بھی سیمی فائنل میں پہنچی ہے تاہم وہ اپنا میچ 15 جون کو برمنگھم میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔ہیؤ مورس نے بھارتی شائقین سے گزارش کی ہے کہ اگر وہ میچ دیکھنے کارڈف کے میدان میں نہیں آسکتے تو آئی سی سی کی ویب سائٹ پر ان ٹکٹوں کو ان کی اصل قیمت پر دوبارہ بیچ دیں تاکہ انگلینڈ اور پاکستان کے شائقین یہ ٹکٹ خرید سکیں۔دوسری جانب انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے کارڈف پر تنقید کی ہے کہ ٹورنامنٹ کے دوران صرف کارڈف ہی تھا جہاں کے میدان میں نشستیں خالی تھیں۔میں جب دیکھتا ہوں کے ایک میدان میں صرف 14000 سیٹیں ہیں اور وہ بھی نہیں بھر سکیں، تو یہ کرکٹ کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے کہ آپ ایک بڑے ٹورنامنٹ میں بھی شائقین کی دلچسپی پیدا نہیں کر سکتے تو میں جاننا چاہتا ہوں کہ ایسا کیوں ہے۔ہیؤ مورس نے اس کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کارڈف میں ہونے والے چار میں سے دو میچ مکمل طور پر بِک چکے تھے لیکن ہمیں یہ معلوم کرنا ہے کہ ٹکٹ خریدنے کے باوجود لوگ میچ دیکھنے کیوں نہیں آئے۔ان کا خیال تھا کہ ہو سکتا ہے کہ خراب موسم کی وجہ سے لوگوں نے نہ آنے کا فیصلہ کیا ہو۔