اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)شکیب الحسن اور محموداللہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار سنچریوں کی بدولت بنگلہ دیش کو فتح سے ہمکنار کرانے کے ساتھ ساتھ نیا ریکارڈ بھی بنا دیا۔کارڈف میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے چیمپیئنز ٹرافی کے اہم میچ میں 266 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم 33 رنز پر چار وکٹیں گنوا کر تقریباً میچ سے باہر ہو چکی تھی۔اس موقع پر شکیب اور محموداللہ وکٹ پر یکجا ہوئے اور 224 رنز کی بہترین شراکت کے ساتھ اپنی ٹیم کو ناقابل یقین فتح سے ہمکنار کرانے کے ساتھ ساتھ سیمی فائنل میں رسائی کی امید بھی پیدا کردی۔
اس کارکردگی کی بدولت انہوں نے بنگلہ دیش کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں کسی بھی وکٹ کیلئے سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ قائم کردیا۔ اس سے قبل بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ تمیم اقبال اور مشفیق الرحیم کے پاس تھا جنہوں نے پاکستان کے خلاف ڈھاکا میں 178 رنز کی ساجھے داری قائم کی تھی۔اگر ل آسٹریلین کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو بنگلہ دیش کی ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لے گی۔