لاہور(آئی این پی) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اپنے کیریئر کی آخری سیریز کھیلنے کے لیے اس وقت ویسٹ انڈیز میں موجود ہیں جہاں بطور قائد محض ایک مقابلے میں کامیابی بھی انہیں کرکٹ کی تاریخ میں نیا مقام دلوادے گی۔تفصیلات کے مطابق مصباح الحق کی قیادت میں اب تک گرین شرٹس 24میچز میں کامیابی حاصل کرچکی ہے
اور ویسٹ انڈیزکے خلاف ایک بھی میچ میں کامیابی کی صورت میں وہ ملک سے باہر 25ٹیسٹ جیتنے والے دنیاکے پہلے کپتان بن جائیں گے۔اس فہرست میں سابق ویسٹ انڈیز کپتان کلائیولائیڈ اور سابق پروٹیز قائد گریم سمتھ 23،23 فتوحات کے ساتھ دوسرے نمبرپر ہیں۔ مصباح الحق کے پاس دیار غیرمیں زیادہ ٹیسٹ میچوں کی قیادت کرنے کا گریم سمتھ کا عالمی ریکارڈ برابر کرنے کا بھی موقع ہے، اگر مصباح ویسٹ انڈیز کیخلاف تینوں میچز کھیلے تو وہ سابق پروٹیز کپتان کا اپنے ملک سے باہر56ٹیسٹ میچوں میں قیادت کے فرائض سرانجام دینے کا ریکار ڈ بھی برابر کردیں گے۔