لاہور (آن لائن) محمد یوسف نے مصباح الحق کو ڈائریکٹر کرکٹ بنانے کی مخالفت کردی۔ ایک انٹرویو میں سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف نے کہا کہ
مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کوئی نئی بات نہیں، طے ہوچکا تھا کہ انھیں جانا ہے، ہوسکتا ہے کہ پی سی بی کے ساتھ طے کرلیا گیا ہو کہ وہ دورئہ ویسٹ انڈیز میں آخری سیریز کھیلیں گے۔ انھوں نے کہا کہ مصباح نے یواے ای میں بہترین کرکٹ کھیلی، اس میں کوئی دو رائے نہیں تاہم ڈائریکٹر کرکٹ اسے بنایا جانا چاہیے جس نے ماضی میں شاندار کارکردگی دکھائی ہو، ہمیں اس ذمہ داری کیلیے عمران خان جیسے قد آور کرکٹر کی ضرورت ہے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ڈائریکٹر کے طور پر کام کرنے کیلیے ایک ایسا سابق پلیئر چاہیے جو کھیل میں ہونے والی ہر غلط بات پر نشاندہی کی جرات کرسکے، مجھے ابھی تک مصباح الحق کی کپتانی یا شخصیت میں ایسی کوئی بات نظر نہیں آتی، میرے خیال میں ان کو ڈائریکٹر کرکٹ بنانا غلط فیصلہ ہوگا۔