مانچسٹر (آئی این پی) برطانوی عدالت نے پاکستانی نڑاد برطانوی کرکٹر مصطفیٰ بشیر کو اپنی اہلیہ پر تشدد کرنے کے الزام میں کم سزا سنائے جانے کے بعد اس فیصلے پر نظر ثانی کرنے کا اعلان کیا ہے۔مانچسٹر سے تعلق رکھنے والے چونتیس سالہ مصطفیٰ بشیر پر گذشتہ ماہ اپنی بیوی کو کرکٹ بیٹ سے پیٹنے اور اسے بلیچ پلانے کا الزام تھا
جس کے بعد مانچسٹر کراؤن کورٹ نے انھیں معطل سزا سنائی تھی۔تفصیلات کے مطابق بشیر کے وکلا نے موقف پیش کیا تھا کہ اگر عدالت نے انھیں سزائے قید دی تو ان کا کرکٹ کریئر ختم ہو جائے گا اور لنکاشائر کرکٹ کلب کی طرف سے دیا جانے والا کنٹریکٹ ان کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔تاہم انسانی اور خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں نے جج رچرڈ مارشل کے معطل سزا کے فیصلے کے بعد شدید ردِ عمل ظاہر کیا تھا۔اس کے علاوہ جب لنکاشائر کرکٹ کونسل نے بشیر کے کیس کی تفصیلات میڈیا میں دیکھیں تو انھوں نے اس بات کی تردید کی کہ انھوں نے بشیر کو کسی بھی قسم کے کنٹریکٹ کی پیشکش کی تھی۔بشیر پر الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ انھوں نے اپنے کیس میں کنٹریکٹ کو دفاعی حکمتِ عملی بنا کر پیش کیا اور یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی کہ اگر انھیں جیل بھیجا گیا تو اس سے ان کا روزگار اور زندگی متاثر ہو گی۔جس کے بعد عدالت نے مصطفیٰ بشیر کو عدالت نے اٹھارہ ماہ کی معطل سزا سنائی تھی۔